رنگنا ہیراتھ کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


کولمبو: سری لنکن ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور ریکارڈ ہولڈر باؤلر رنگنا ہیراتھ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق رنگنا ہیرتھ انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد ٹیسٹ فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ دونوں ٹیمیں 6 نومبر کو سری لنکا کے شہر گال میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔

سری لنکن کھلاڑی کے دو دہائیوں پر محیط کرکٹ کرئیر کا آغاز بھی اسی کرکٹ گراؤنڈ سے ہوا تھا۔

رنگنا ہیرتھ سری لنکن ٹیم میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں، ٹیسٹ کریئر کے دوران 430 وکٹیں اپنے نام کرنے والے رنگنا ہیرتھ کا شمار بہترین اسپن باؤلرز میں ہوتا ہے۔ رنگنا بائیں ہاتھ سے گیند کرانے والے پہلے باؤلر ہیں جس نے 400 وکٹیں اپنے ریکارڈ میں لکھوائیں۔

مئی 2016 میں رنگنا ہیراتھ سری لنکن ٹیسٹ تاریخ میں 300 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے کھلاڑی بنے، نومبر 2016 میں انہوں نے تمام ٹیسٹ ٹیموں کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے کھلاڑی کا سہرا بھی اپنے سر سجایا۔

اکتوبر 2017 میں 400 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے سری لنکن باؤلر کا اعزاز تاحال انہیں کے پاس ہے۔

مارچ 2017 میں سری لنکن باؤلر نے 362 وکٹیں حاصل کر کے نیوزی لینڈ کے معروف گیند باز ڈینیئل وٹوری پر سبقت حاصل کی تھی۔

رواں سال کے آغاز میں دورہ بنگلہ دیش کے دوران رنگنا پیراتھ نے کامیاب ترین ٹیسٹ باؤلر کا اعزاز اپنے نام کر کے پاکستانی بالر وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔


متعلقہ خبریں