ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کی تیاریاں مکمل، چیئرمین سینیٹ

گوادر میں ایشیائی پارلیمانی کانفرس کی تیاریاں مکمل، چیرمین سینیٹ

گوادر: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ایشیائی پارلیمانی کانفرس کے لیے 97 وفود کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں کانفرنس منعقد کرنا انتہائی مشکل فیصلہ تھا تاہم کانفرنس کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، ابھی تک 26 ممالک نے وفود بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مدعو کیے گئے تمام وفود 28 اکتوبر سے آنا شروع ہو جائیں گے جبکہ بھارت نے اس کانفرنس میں آنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف شبلی فراز نے کہا کہ ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے ذریعے گوادر کو دنیا کے سامنے لانے کا اہم موقع ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر شہر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔ مختلف ممالک کے آنے سے دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام جائے گا۔

جمیعت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر غفور حیدری نے اس موقع پر کہا کہ اس پروگرام کو گوادر میں رکھنے کا مقصد اس شہرکی شہرت میں اضافہ کرنا اور دنیا کو دکھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سی پیک کا اہم حصہ ہے اور ترقی کا بڑا ذریعہ ہے۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا جلد جاری کر دیا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانفرنس کو گوادر میں منعقد کرنے کا اعزاز صادق سنجرانی کو جاتا ہے۔

پاکستن مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی نے کہا کہ کانفرنس کو گوادر میں منعقد کرنا ایک بڑا فیصلہ تھا، ایسا فیصلہ پہلی بار لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں