وزیراعظم عمران خان کی مدینہ منورہ آمد


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان، پاکستان میں سعودی کے سفیرنواف المالکی، پاکستانی  قونصل جنرل شہریار اکبر خان، اعلیٰ سعودی حکام اور پاکستان قونصلیٹ کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیر مملکت/ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف بھی وزیر اعظم کے ھمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ روضئہ رسولﷺ پر حاضری دیں گے، عشاء کی نمازاور نوافل ادا کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرسرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ کانفرنس کو ’صحرا میں ڈیوس‘ کا نام دیا گیا ھے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘ کے عنوان سے منعقدہ بین الاقومی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق دو روزہ کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، بڑی کاروباری کمپنیوں کے سربراہان اور ہائی ٹیک انڈسٹریز کے نمائندگان شرکت کررہے ہیں۔

ہم نیوزکے مطابق کانفرنس ان اہم کاروباری اداروں و شخصیات کے ساتھ رابطے کے مواقع فراہم کرے گی جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عمران خان کانفرنس کا پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیشن میں نہ صرف شرکت ہوگی بلکہ خطاب بھی شیڈول ہے۔

پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیشن کا عنوان ’پاکستان، علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز‘ ہے. شرکاء اور سامعین میں دنیا بھر کی مشہور کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور ان کے نمائندے شامل ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔ بحیثیت وزیراعظم یہ ان کا دوسرا دورہ ہے۔

سعودی عرب سے واپسی کے بعد وزیراعظم کے دورہ چین اور ملائیشیا بھی شیڈول ہیں۔


متعلقہ خبریں