پاکستان سعودی عرب سے قرض لینے کا خواہشمند ہے، عمران خان

پلوامہ حملے پر وزیر اعظم پاکستان کا پالیسی بیان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکلنے کے لیے قرضوں کی اشد ضرورت ہے اور اس کے لیے دوست ممالک یا انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے قرض لینے کا خواہش مند ہے، سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرنا ضروری ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کا زرمبادلہ موجود نہیں اورملک کو تاریخ کے بدترین قرضے اور معاشی بحران کا سامنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ ایران پر پابندیاں نہ لگائے کیونکہ ان پابندیوں سے پاکستانی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمال خاشقجی کیس میں سعودی تحقیقات کے نتائج کا انتظار ہے۔

عمران خان سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے باعث کئی مغربی ممالک کے رہنماؤں اور مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں نے اس کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

موجودہ حکومت ابتر معاشی حالات کے باعث سعودی عرب اور چین جیسے دوست ممالک سے بھی رابطے میں ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں۔


متعلقہ خبریں