فیصل واوڈا کی چیف جسٹس سے سیکیورٹی کی درخواست

ن لیگ کا آخری اقتدار، پھر یہ پنجاب کی ایم کیو ایم بن جائیگی، فیصل واوڈا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے سیکیورٹی کے لیے درخواست دے دی ہے۔

چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ان کی جان کو سخت خطرات لاحق ہیں لہذا انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

چیف جسٹس نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم جاری کیا ہے کہ وفاقی وزیر کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے وفاقی وزیر کی جانب سے ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی کرنے کے اقدام کو سراہا۔

ملاقات کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے اربوں  روپے کا پانی ضائع ہوتا ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کراچی واٹر بورڈ پانی چوری میں ملوث ہے، اس چوری اور بے قاعدگیوں کی وجہ سے 30 کروڑ  روپے یومیہ نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ سوشل میڈیا  پر پراپیگنڈا اس لئے کیا جا رہا ہے کہ میں بیک فٹ پر چلا جاؤں لیکن مخالفین جان لیں کہ میں نہ ہی ڈرنے والا ہوں نہ  کسی کے سامنےجھکنے والا، میں 18ویں آئینی ترمیم کے دباؤ میں آنے والا نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کو آبی مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات  اٹھانے کی ہدایت  کی ہے۔


متعلقہ خبریں