پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تنقید برائے تعمیر کی، ناصر حسین شاہ


اسلام آباد: صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) نے ہمیشہ تنقید برائے تعمیر کی ہے کیونکہ ہمارا کام  تنقید برائے تنقید نہیں ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہزیب سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے ہر غلط حکومتی اقدام پر تنقید کریں گے کیونکہ اپوزیشن کا کام یہی ہے۔

دوسری جانب رہنما مسلم لیگ ن مصدق ملک کا پروگرام میں گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کے فیصلوں میں عدم استحکام کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دو ہزار ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا نقصان ہوا ہے۔

نیب کے کردار پر بات کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ شہباز شریف کو تحقیقات کے لیے گرفتار کر گیا مگر بابر اعوان کو کسی نے نہیں پکڑا۔

رہنما ن لیگ کا پی ٹی آئی قیادت پر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومتی بجٹ میں ٹیکس چوروں کو ہی مزید فائدہ ہوا ہے جبکہ غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

پروگرام میں موجود رہنما پی ٹی آئی عاطف خان نے ضمنی انتخابات کے نتائج پربات کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں امیدواروں میں ٹکٹس کی تقسیم ٹھیک طرح نہیں ہوئی ہے۔ اس ہار کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ووٹرز پی ٹی آئی سے ناراض ہیں۔

جمال خاشکجی کی موت کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے تجزیہ کار ڈاکٹرعادل نجم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے لیے یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہو چکا ہے کیونکہ اب یہ ایک سیاسی مسئلہ ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی مسئلہ بھی بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ترکی کے لیے اس لیے سنجیدہ ہے کیونکہ یہ واقعہ انقرہ میں پیش آیا۔ اب یہ ایسا وقت ہے جب سعودی عرب کو سبق ملے گا کہ دنیا کے باقی ممالک کے ساتھ ان کو اپنے تعلقات بہتر رکھنے چاہئیے۔


متعلقہ خبریں