سندھ حکومت کی آن لائن ٹیکسی سروس کو بند کرنے کی دھمکی

سندھ حکومت کی آن لائن ٹیکسی سروس کو بند کرنے کی دھمکی

کراچی: سندھ حکومت نے معروف ٹیکسی سروس کریم اور اوبر کو حکم دیا ہے کہ سات دن کے اندر روٹ پرمٹ حاصل کر لیں ورنہ یہ سروسز بند کر دی جائیں گی۔

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے ایک اعلی سطحی اجلاس کے دوران خاتون کے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگانے والے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قانون اور ضوابط کی خلاف ورزی کی وجہ سے ایسے واقعات ہو رہے ہیں۔

انہوں نے دونوں کمپنیوں کو سات دن میں روٹ پرمٹ حاصل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ان کی ایپس بند کر دی جائیں گی۔

گزشتہ برس حکومت سندھ اور آن لائن ٹیکسی سروسز کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ دونوں کمپنیاں موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت اجازت نامہ حاصل کریں گی تاہم اس دوران محض مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے اور مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ حکومت نے آن لائن ٹیکسی سروسز کے معاملات کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے قانونی مسودہ تیار کر لیا ہے۔

صوبائی حکومت نے اس سے قبل یہ الزام عائد کیا تھا کہ دونوں سروسز قانون کے دائرے سے باہر کام کر رہی ہیں، ان کمپنیوں پر الزام ہے کہ یہ کسی ریگولیٹری باڈی کے پاس اپنی گاڑیاں رجسٹرڈ کرائے بغیر کام کر رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں