مچھ کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثہ،7 افراد جاں بحق


بولان: مچھ کے قریب کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مچھ کے قریب قومی شاہراہ پر پیٹرول سے بھری تیز رفتار وین ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹریفک حادثے کے بعد ٹرک اور قریب موجود دیگر دو گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی جس کے باعث گاڑیوں میں موجود افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔

آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والوں کو مچھ اسپتال منتقل کیا گیا تاہم سات افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق پٹرول سے بھری وین کوئٹہ سے سبی جا رہی تھی۔

ٹریفک حادثے کے باعث قومی شاہراہ پر شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑی میں موجود پیٹرول میں آگ لگنے کے بعد آگ کے شعلے دور سے ہی نظر آ رہے تھے۔

ریسکیو حکام  نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثے پر شاہراہ کی صفائی کی اور متاثرہ گاڑیوں کو لفٹر کی مدد سے شاہراہ سے ہٹایا گیا جس کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال ہو گیا۔


متعلقہ خبریں