’عروہ حسین کیساتھ کام کرنا خوفناک تجربہ تھا‘


کراچی: پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف فلم و ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے پاکستانی اداکارہ عروہ حیسن کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کو زندگی کا ’خوفناک‘ تجربہ قرار دے دیا۔

خلیل الرحمان قمر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ان کی ہمیشہ یہ دعا رہی ہے کہ وہ کھبی کسی بد دیانت اداکار یا اداکارہ کے ساتھ کام نہ کریں، وہ ان لوگوں کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں جو اپنے کام کے حوالے سے سنجیدہ ہوں۔

انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر سے ان کی نئی آنے والی فلم ’کاف کنگنا‘ میں سوہائی علی ابڑو اور عروہ حسین کو نکالنے کی وجہ پوچھی گئی تو فلم کے ہدایت کار ادکارہ عروہ حسین کے خلاف کھل کر بولے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی گزشتہ فلم ’ پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے لیے عروہ حسین نے بہت منت سماجت کی مگر جب ان کو ’دردانہ‘ کا کردار دیا گیا تو ان کا کاکردگی انتہائی مایوس کن تھی۔

خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے عروہ کو فلم میں کرداراداکارہ کے شوہر اوران کے اچھے دوست فرحان سعید کی وجہ سے دیا تھا مگر ان کا یہ فیصلہ ان کے لیے ان کا زندگی کا خوفناک تجربہ بن کر ان کے سامنے آیا۔

فلم کے ہدایت کار خلیل الرحمان قمر نے انٹرویو بتایا کہ ان کی ذات میں برداشت کا مادہ بہت ہے مگر پھر بھی ان کے لیے عروہ کو فلم میں کردار دے کر ان کو برداشت کرنا اتنا مشکل ہوگیا تھا کہ ان کو کسی نتیجے پر پہنچے کے لیے سات دنوں میں سات نیند کی گولیاں کھانا پڑیں۔

خلیل الرحمان قمر نے واضح کیا کہ عروہ کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اتناخوفناک تجربہ ثابت ہوا کہ وہ اب کسی بھی نامور اداکارہ کے ساتھ کام کرنے سے ڈر گئے ہیں، یہی وجہ تھی کہ ان کی اگلی فلم ’کاف کنگنا‘ کے لیے انہوں نے نئی اداکارہ عیشال فیاض کا انتخاب کیا ہے۔

واضح رہے کہ ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کی نئی فلم ’ کاف کنگنا‘ کی عکس بندی اپنے آخری مراحل میں ہے اور فلم کے مرکزی کردار میں سمیع خان، عائشہ عمر اور عیشال فیاض موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں