ایون فیلڈ ریفرنس، نیب کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، اُن کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی رہائی کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نیب کی اپیلوں پر سماعت کے لیے بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے جس کے سربراہ چیف جسٹس ہوں گے جب کہ بینچ میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس عمر عطا بندیال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا اسپیشل بینچ بدھ کو ضمانت منسوخی کی درخواستوں پر دن ڈیڑھ بجے سماعت کرے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ معطل کر کے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو رہا کر دیا تھا جسے نیب نے چیلنج کرتے ہوئے 22 اکتوبر کو سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

پیر کو سپریم کورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

احتساب عدالت نے سات جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 10 سال قید بامشقت اور ایک سال اضافی قید کی سزا سنائی تھی۔ مریم نواز کو آٹھ اور ایک سال اضافی قید کی سزا جب کہ کیپٹن صفدر کو اعانت جرم میں ایک سال قید اورجرمانوں کی سزا سنائی تھی۔

عدالت عالیہ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پانچ، پانچ لاکھ روپے کی ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں