احتساب عدالت نے کے ڈی اے ڈائریکٹر کو جیل بھیج دیا

فائل فوٹو


کراچی: احتساب عدالت نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر ایڈمن سلیم زاہد کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھیج دیا۔

ہم نیوز کے مطابق تفتیشی افسر نے ملزم سلیم زاہد کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی۔

احتساب عدالت میں ملزم کی موجودگی کے دوران  قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ ملزم پر چائنہ کٹنگ اور غیرقانونی تعمیرات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

نیب کے وکیل نے استدعا کی کہ ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

احتساب عدالت میں ملزم کے وکیل کا مؤقف تھا کہ سلیم زاہد کو بنا اریسٹ وارنٹ گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے عدالت کے گوش گزارکیا کہ نیب کی جانب سے ملزم کی گرفتاری بھی غیر قانونی ہے۔

احتساب عدالت نے وکلا کا مؤقف سننے کے بعد تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کردی اور کے ڈی اے ڈائریکٹر ایڈمن سلیم زاہد کو جیل روانہ کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

عدالت نے دائر ریفرنس کی مزید کارروائی چھ نومبر تک ملتوی کردی۔ نیب کے دائر ریفرنس میں سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس پہلے ہی گرفتار ہیں۔


متعلقہ خبریں