شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست مسترد

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کو عدالت پہنچا دیا گیا

فوٹو: فائل


لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی ضمانت کے لیے دائردرخواست پر آج سماعت ہوئی۔ لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں معاملے کی سماعت کی۔

اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے لائرز فاؤنڈیشن کی طرف سے درخواست دائر کی تھی جس میں اجمل میاں اور جسٹس حمود الرحمٰن کے فیصلوں کے حوالے دیئے گئے تھے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ شہبازشریف کو آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں انکوائری مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے سے پہلے گرفتار کیا گیا جو آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے۔ آرٹیکل 10 کے تحت شفاف اور منصفانہ ٹرائل ہر ملزم کا بنیادی حق ہے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین نیب نے شہباز شریف کو کیس میں شفاف اور منصفانہ کا حق نہیں دیا ، دوران انکوائری کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے کا اختیار آئین سے متصادم ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کالعدم قرار دی جائے اور ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دیا جائے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پانچ اکتوبر کو آشیانہ اسکینڈل کیس میں شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا۔ احتساب عدالت نے 16 اکتوبر کو شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی مزید توسیع کی تھی۔


متعلقہ خبریں