اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کی تحقیقاتی کمیٹی کے بائیکاٹ کا اعلان

اپوزیشن کا پنجاب اسمبلی کی تحقیقاتی کمیٹی کے بائیکاٹ کا اعلان | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے توڑ پھوڑ کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سمیع اللَہ خان نے کہا ہے کہ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی نمائندگی کا تناسب مضحکہ خیز ہے۔ ایسی جانبدار کمیٹی میں ہمارے ارکان شریک نہیں ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی 12 رکنی کمیٹی میں 10 حکومتی اور دو اپوزیشن کے ارکان شامل کیے گئے ہیں۔ اپوزیشن نے کمیٹی کو من پسند فیصلہ لینے کی منصوبہ بندی قرار دیا ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کے حکومتی ارکان میں راجہ یاور کمال، ساجد احمد خان، سید یاورعباس بخاری، محمد لتاسب ستی، علی اختر، محمد رضوان، محمد اشرف خان رند، محمد رضا حسین بخاری، عمر فاروق اور سردار فاروق امان اللہ دریشک شامل ہیں جب کہ اپوزیشن کی جانب سے صرف ذکیہ خان اور مظفر علی شیخ کو کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے چوتھے روز بھی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے اسمبلی کے احاطے میں الگ اجلاس بلا لیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے اراکین کو سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حزب اختلاف کا اجلاس اسمبلی کے احاطے میں ہوگا جس کی صدارت سابق اسیپکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں بجٹ پر بحث سمیت احتجاجی تقاریر کی جائیں گی۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں کئی روز سے بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کررہی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کرائی جائیں اور جن اراکین کے داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے انہیں اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے۔


متعلقہ خبریں