اسرائیل نے ایڈز کی ادویہ کے لیے بائیو ٹیک ادارہ قائم کردیا


یروشلم: اسرائیل نے ایڈز کی بیماری سے چھٹکارہ دلانے والی دواؤں کی تیاری کے لیے دنیا کا پہلا بائیوٹیک ادارہ قائم کردیا ہے۔ اسرائیل کے اکنامک ڈویژن نے اعلان کیا ہے کہ ایلیٹ کے شہر میں یہ ادارہ قائم کیا گیا۔

بائیو ٹیک کو اسرائیل کی تیار کردہ ایڈز کی دوا Gammora (گمورا) کو تیار کرنے کے لیے تعمیر کیا گیا ہے۔ گمورا کی تیاری سے قبل اس کی انسانی جسم پر کامیاب ٹیسٹنگ بھی کرلی گئی ہے۔

موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’گمورا‘ کو اسرائیل کی ادویہ ساز کمپنی زاؤن میڈیکل نے ایجاد کیا ہے اوراب مزید تجربات و تحقیق بھی یہی کمپنی کرے گی۔

زاؤن کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی متعارف کردہ دوا دیگردستیاب ادویات سے اس لحاظ سے منفرد ہے کہ باقی وائرس کو ختم کرنے کی کوشش کرتی ہیں جب کہ ان  کی تیارکردہ گمورا وائرس سے متاثرہ خلیوں کو ختم کردیتی ہے۔

کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسانی جسم پر کیے جانے والے ٹیسٹوں کے نتیجے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس دوا کو کینسر کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایلیٹ کے محکمہ بلدیات نے ادارے کے قیام کے لیے جگہ فراہم کی۔ ہے ادارے میں مزید تحقیق اور تجربات کے بعد کمرشل بنیادوں پر اس کی تیاری کی جائے گی۔

ادارے کے قیام کے لیے تین کروڑ امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس مد میں 90 لاکھ ڈالرز دیئے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ادارے کو تحقیق و تجربات کے لیے مزید نو کروڑ ڈالرز درکار ہیں۔

چین کی ادویہ ساز کمپنی ’شینزن انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل ریسرچ‘ نے دوا کو چین میں تیار کرنے اور فروخت کرنے کے حقوق خرید لیے ہیں۔


متعلقہ خبریں