یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز کا آج پارلیمنٹ ہاؤس جانے کا اعلان


اسلام آباد: یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز نے آج مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں پارلیمنٹ ہاؤس جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

آل پاکستان مرکزی ورکرز یونین آف یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کا آج چوتھے روز بھی یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد ڈی چوک پر دھرنا جاری ہے۔

وائس چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن شہاب الدین کے مطابق حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے شام پانچ بجے کا وقت دیا گیا ہے اور اگر حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے تو ہم ڈی چوک سے آگے کی جانب قدم بڑھائیں اور پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب بڑھیں گے۔

شہاب الدین نے کہا کہ بدھ کو مذاکرات کے بعد حکومتی نمائندے نعیم الحق کا زبانی مطالبات ماننا مذاق بن گیا ہے اور جب تک ہمارے چاروں مطالبات نہیں مان لیے جاتے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔

مظاہرین نے گزشتہ روز مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے استعفیٰ تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

مظاہرین نے بقایا جات کی فوری ادائیگی، عارضی ملازمین کو مستقل کرنے اور سبسڈی میں خردبرد کے الزامات کے دستاویزی ثبوت پیش کرنے کا بھی مطالبہ کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں