قومی ٹیم کی فتح، آئن چیپل کو تنقید کا جواب مل گیا


اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ سیریز اور پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سابق آسٹریلوی کرکٹر آئن چیپل کی تنقید کا جواب بہترین کارکردگی سے دیا ہے۔

پاکستان کو گزشتہ برس ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس پر آئن چیپل نے قومی ٹیم کے خلاف زہرفشانی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بہتر بنائے یا گھر پر ہی رہے۔

آئن چیپل نے ٹی وی انٹرویو میں قومی ٹیم کی بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کو ناکارہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آسٹریلیا کو پاکستان سے کرکٹ نہیں کھیلنی چاہیے ۔ پاکستان اپنی کرکٹ بہتر کرے یا گھر بیٹھے۔

قومی ٹیم نے ایک سال بعد ہی تنقید کا جواب بہترین کارکردگی سے دیا اور آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست دے کر حساب برابر کردیا۔

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں بھی آسٹریلیا کو کم ترین اسکور پر آؤٹ کیا اور سات آسٹریلوی بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 156 رنز کے تعقب میں 89 پر آؤٹ ہوگئی اور یہ آسٹریلیا کا تیسرا کم ترین اسکور تھا۔

ٹی 20 میچ میں مجموعی طورپر پوری ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن عماد وسیم کی شاندار بالنگ نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تین اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

ٹیسٹ سیریز اور پہلے ٹی 20 میچ میں بدترین شکست کے بعد سوال یہ ہے کہ آئن چیپل اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان کا مشورہ دیں گے یا گھر بیٹھنے کا؟


متعلقہ خبریں