’ہماری بیٹنگ سلو موشن میں حادثہ دیکھنے جیسی تھی‘


اسلام آباد: آسٹریلوی کپتان اور اوپنر ایرن فنچ نے پاکستان کے ہاتھوں پہلے ٹی 20 میچ میں بدترین شکست پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاور پلے میں کھلاڑی ایسے آؤٹ ہوئے جیسے سلو موشن گاڑی کو حادثہ درپیش ہورہا ہو۔

آسٹریلوی کھلاڑی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاور پلے ہمارے لیے بہت ہی خطرناک تھا، جب آپ ایک پاور پلے میں پانچ یا چھ وکٹ گنوا دیتے ہیں تو صورتحال اچھی نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنا چاہیے تھا تاکہ ہدف حاصل کرنے میں آسانی ہوتی لیکن جب آپ پہلے اوور میں وکٹ گنوادیں تو پھر میچ جیتنا مشکل ہوجاتا ہے۔

ایرن فنچ نے ٹیم انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ دوسرے ٹی 20 میچ سے قبل بیٹنگ تکنیک میں تبدیلی کرنی چاہیے۔ عماد وسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلیٹ پیچ پر گیند زیادہ سیونگ نہیں ہوتی اور پھر بھی زیادہ بلے باز بولڈ آؤٹ ہوجائیں تو یہ حیران کن بات ہے۔

آسٹریلوی بلے باز نے کہا کہ پہلے ٹی 20 میں ہماری بیٹنگ اچھی نہیں تھی لیکن دوسرے مقابلے میں کارکردگی بہتر بنائیں گے ہمارے پاس تجربہ کار اور اچھے کھلاڑی ہیں۔

پاکستان نے تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں آسٹریلیا کو 66 رنز سے شکست دی تھی۔ جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 156 رنز کے تعاقب میں 89 پر آؤٹ ہوگئی۔

یہ آسٹریلیا کا تیسرا کم ترین اسکور تھا۔ ٹی 20 میں آسٹریلیا کا سب کم اسکور 79 ہے جو اس نے 2005 میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

حریف ٹیم کی جانب سے پہلے چھ اوورز میں چھ کھلاڑی 22 کےمجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے تھے اور سات آسٹریلوی بلے باز10 رنز بھی نہیں بناسکے تھے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاندار کارکردگی پر عماد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں