تھر میں 50 ہزار خاندانوں کو راشن بیگ دینے کا فیصلہ

تھرمیں 50 ہزار خاندانوں کو راشن بیگ دینے کا فیصلہ | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: سندھ کے صحرائے تھر میں غذائی قلت پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومت نے 50 ہزار خاندانوں میں تین ماہ تک راشن بیگ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مشیراطلاعات سندھ بیرسٹرمرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت ہرماہ راشن بیگ پر 22 کروڑ روپے سے زائد خرچ کرے گی اور راشن بیگ کی تقسیم آئندہ ہفتے سے شروع کی جائے گی۔

بیرسٹر مرتضٰی وہاب کے مطابق نادرا اور دیگر اداروں کی مدد سے 50 ہزار خاندانوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں تین ماہ تک ماہانہ راشن بیگ دیے جائیں گے۔

سندھ حکومت کی جانب سے بنائے گئے راشن بیگ میں اشیا کی مالیت ساڑھے چار ہزار روپے ہوگی جس میں اشیائے ضروریہ اور قوت بخش خوراک شامل ہوگی۔

مشیراطلاعات سندھ نے بتایا کہ راشن بیگ کی تقسیم کا پائلٹ پراجیکٹ ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے ہوگا جس کا مقصد تھر کی خواتین اور بچوں میں غذائی کمی کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد اور فی خاندان پچاس کلو گندم کی تقسیم کے پروگرام اس کے علاوہ ہیں۔

بیرسٹرمرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تھرپارکر کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے تھر میں شرح اموات کم ہو۔


متعلقہ خبریں