منی لانڈرنگ کیس کا ایک اور اہم ملزم گرفتار

Money

کراچی: منی لانڈرنگ کیس کے ایک اور اہم ملزم محمد عارف کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اومنی گروپ کے اکاؤنٹنٹ محمد عارف خان کو گرفتار کیا گیا ہے جو بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

محمد عارف خان کراچی کے علاقے ناظم آباد کا رہائشی ہے اور منی لانڈرنگ کیس کے 20 اہم اور نامزد ملزمان میں سے ایک ہے جب کہ عارف خان پر الزام ہے کہ وہ کئی بے نامی اکاؤنٹس کی دیکھ بھال کرتا تھا۔

عارف خان کی گرفتاری کی اب تک سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اس حوالے سے کسی قسم کی تصدیق کی ہے۔

دو روز قبل 23 اکتوبر کو بھی منی لانڈرنگ کیس میں نامزد اہم ملزم اسلم مسعود کو جدہ ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق جعلی اکاؤنٹ سے ایک کھرب سے زائد کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔ 47 ارب عام اور 54 ارب کمپنیوں کے اکاؤنٹس سے یہ ٹرانزکشن کی گئی۔

ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں اور دونوں نے حفاظتی ضمانت حاصل کرا رکھی ہے۔

ایف آئی اے نے اس معاملہ میں نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور بینکر طحہ کو گرفتار کیا تھا جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور ان کے بیٹے خواجہ عبدالغنی مجید کو بھی اسی سلسلے میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اومنی گروپ کے سربراہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کے ساتھ تعلق کا اقرار بھی کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں