پنجاب کا بجٹ متفقہ طور پر منظور، اپوزیشن کا بائیکاٹ

پنجاب کا بجٹ متفقہ طور پر منظور، اپوزیشن کا بائیکاٹ

لاہور: پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پنجاب کا فنانس بل بغیر کسی اعتراض کے متفقہ منظور کر لیا گیا، پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان نے اسمبلی سے باہر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

بجٹ منظوری کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی وزیرخزانہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئیندہ بجٹ پر پری بجٹ بحث کرائیں گے، اچھی حکمرانی اور مالیاتی نظم وضبط ہمارا نصب العین ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بجٹ میں کوئی ہیر پھیر نہیں کیا اور عوام سے کچھ نہیں چھپایا، جنوبی پنجاب سے کابینہ اجلاسوں کا آغاز کریں گے۔

اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز احتجاج کے لیے اسمبلی سے باہر نہیں پہنچے جہاں ن لیگ کے ارکان اسمبلی احتجاج اور نعرہ بازی کر رہے تھے۔

ن لیگ کے رہنما اور سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی قانون ارکان کو اسمبلی احاطے میں داخلے سے روکنے کی اجازت نہیں دیتا، ایک جھوٹی ویڈیو کی بنیاد پر چھ ارکان کو معطل کر کے اسمبلی احاطے میں داخلے سے روک دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر بجٹ کی منظوری افسوسناک ہے، ایسے بجٹ کو ہم نہیں مانتے، جب تک ارکان کو اسمبلی میں نہ لایا گیا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

رانا اقبال نے کہا کہ پرویز الہی کو اسمبلی روایات کو مد نظر رکھنا چاہئیے، اسپیکر ہاؤس کا نگہبان ہوتا ہے اس کے لیے حکومتی اور اپوزیشن ارکان برابر ہوتے ہیں۔

 

 

 

 


متعلقہ خبریں