مسئلہ کشمیر پاک بھارت تعلقات میں رکاوٹ ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اصولی طور پر کشمیر ہندوستان کا حصہ بنتا ہی نہیں، مسئلہ کشمیر پاک بھارت تعلقات میں رکاوٹ ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا اگر کشمیر کے مسائل سے غافل ہو جائے تو ہمیں دنیا کو یہ احساس دلانا ہو گا کہ یہ کوئی چھوٹا مسئلہ نہیں ہے، اس میں بہت سا لہو ضائع ہو چکا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہندوستان سے اچھے تعلقات چاہتا ہے لیکن جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا دونوں ملکوں کے تعلقات زیادہ بہتری کی طرف نہیں جا سکتے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر کشمیر کا مسئلہ اتنا بڑا نہیں تو پھر ہندوستان کو کشمیریوں کے لیے علیحدہ قوانین بنانے کی ضرورت کیوں پڑی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیراعظم خود اپنے قلم سے اس مسئلے کی بات کر چکے ہیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مسئلہ کشمیر حل کیسے کیا جا سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیریوں نے آج تک بہت زیادہ جدوجہد کی جس نے آج اس مسئلے کو صحیح طریقے سے اجاگر کر دیا ہے۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ جون میں انسانی حقوقت کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں ان سب باتوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں ہندوستان جھٹلاتا رہتا ہے۔

اقوام متحدہ کی رہورٹ میں کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں