اومنی گروپ کیس میں وزیراعلیٰ سندھ سپریم کورٹ طلب


کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اومنی گروپ کیس میں طلب کرلیا ہے۔

منی لانڈرنگ کیس میں سماعت کے دوران جے آئی ٹی نے بتایا کہ سندھ حکومت تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیا وزیراعلیٰ سندھ کو چمبر میں بلائیں۔

چیف سیکرٹری سندھ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ شہر میں موجود نہیں۔ چیف جسٹس نے مراد علی شاہ کو ہفتے کے روز عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے جوائنٹ ٹیم بنانے کا حکم دیتے ہوئے میئر کراچی، کنٹونمنٹ، کے ڈی اے اور متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو ہفتہ کو طلب کرلیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ ماڈل علاقے کے طور پر  پہلے صدر کو مکمل صاف کرایا جائے۔

عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بینچ  سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کررہا ہے۔ بینچ کی سربراہی چیف جسٹس ثاقب نثار کر رہے ہیں جب کہ جسٹس مشیرعالم اور جسٹس منیب اختر بھی بینچ کا حصہ ہیں۔

سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری کے باہر سائلین کی بڑی تعداد اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا جن میں پاکستان کورٹس آفس سوسائٹی کے رہائشی، روفی بلڈر متاثرین، نادرا ملازمین، اسٹیل مل ملازمین،  ینگ ڈاکٹرزاور خواجہ سرا شامل تھے

چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ آمد کے موقع پر مظاہرین سے ملاقات بھی کی ان کے مسائل سنے اور سائلین کی درخواستیں وصول کیں۔

جمعہ کو منی لانڈرنگ، کراچی میں صاف پانی کی فراہمی اور محکمہ تعلیم سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس غیرقانونی بھرتیوں اور کراچی میں پارکوں اور سرکاری اراضی پر قبضوں سے متعلق درخواستوں کی بھی سماعت کی۔


متعلقہ خبریں