نیب نے محکمہ اطلاعات سندھ کا ریکارڈ ضبط کرلیا


کراچی: قومی احتساب بیورو(نیب) کراچی نے سندھ  میں صوبائی محکمہ اطلاعات کے دفتر پر چھاپہ مارا کر ریکارڈ ضبط کرلیا ہے۔

ذرائع کےمطابق محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے اربوں روپے کے اشتہارات ایسے اخبارات کو جاری کیے گئے جن کا وجود ہی نہیں ہے۔

نیب کی چھ رکنی ٹیم نے محکمہ اطلاعات کے دفتر میں ایک گھنٹہ تک چھان بین کی اور جاتے ہوئے اہم ریکارڈ ساتھ لے گئی ہے۔ ٹیم میں ڈائریکٹر لیول کے افسران شامل تھے۔

نیب کو شبہ ہے ڈمی اخبارات کو جاری کیے گئے اشتہارات کی رقم بیرون ملک منتقل کی گئی ہے اور اس معاملے پر 2013 سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے خلاف نیب میں پہلے بھی تین انکوائریاں چل رہی ہیں اور سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار شہوانی جیل کسٹڈی میں ہیں۔

نیب نے محکمہ اطلاعات سندھ میں خورد برد کے الزم میں عمر شہزاد، گلزار علی،سارنگ لطیف اور سلمان منصور سمیت دیگر افراد کو بھی گرفتار کر رکھا ہے۔ ملزمان پر محکمہ اطلاعات سندھ میں پانچ ارب 76 کروڑ روپے کی کرپشن کرنے کا الزام  ہے۔


متعلقہ خبریں