محسن حسن خان کی سربراہی میں چار رکنی کرکٹ کمیٹی تشکیل


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر اور کوچ محسن حسن خان کی سربراہ میں چار رکنی کرکٹ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق یہ کمیٹی چار سابق کرکٹرز پر مشتمل ہے، جس میں ان کے علاوہ  سابق کپتان اور عظیم کھلاڑی وسیم اکرم، سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور سابق ویمن کرکٹرعروج ممتازبھی شامل  ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے سی او او سبحان احمد نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ تین سابق کرکٹرز مدثر نذر، ہارون رشید، ذاکر خان پی سی بی کی جاب سے کمیٹی کو معاونت فراہم کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ کو فیورٹ ازم سے پاک کریں گے اور تمام کام میرٹ پر کریں گے۔

انہوں نے کہا میں خوش ہوں کہ اتنی اچھی ٹیم ملی ہے، ہماری کوشش ہوگی کرکٹ کو مزید بہتر کیا جائے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارا کام سفارشات پی سی بی کو بتانا ہے، کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے تجاویز کرکٹ بورڈ کو دیں گے۔ وسیم نے مزید کہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

سابق کپتان مصباح الحق نے اس موقع پر کہا کہ ابھی کرکٹ کھیل رہا ہوں اس لئے ڈومسیٹک کرکٹ کے مسائل کا علم ہے، کوشش کریں گے کہ ان مسائل کا تدارک کیا جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے فرسٹ کلاس سیزن سے قبل نظام میں بہتری آئے گی۔

سابق ویمن کرکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ کمیٹی میں شامل ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ویمن کرکٹ میں کافی بہتری کی گنجائش ہے، اس حوالے سے اپنی سفارشات کمیٹی کو دوں گی۔

یاد رہے کہ پی سی بی چیئرمین احسان مانی ملک میں کرکٹ اور کرکٹرز سے متعلق تمام امور کی نگرانی نے کمیٹی کے سپرد کردی ہے، کمیٹی تمام فیصلوں سے متعلق اپنی سفارشات چیئرمین کو دے گی۔

کوچز اور سلیکشن کمیٹی کے تقرر سمیت ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری، پلیئنگ کنڈیشنز کا تعین اور کھیل کو ہر سطح پر فروغ دینا کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔


متعلقہ خبریں