ہم گزشتہ حکومتوں کے بوئے ہوئے بیج کاٹ رہے ہیں، اعظم سواتی


اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اعظم خان سواتی نے کہا کہ ہر چیز کی جڑ کرپشن ہے لہٰزا احتساب سب کا اور بلا تفریق کیا جانا چاہیے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اب اپوزیشن کا نہیں حکومت کا حصہ ہوں اس لیے تحمل مزاجی سے کام لیتا ہوں لیکن (ن) لیگ کی حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بہت برا حال کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ حکومتون کے بوئے ہوئے بیج کاٹ رہے ہیں مگر پی ٹی آئی کی حکومت نیک نیتی سے ملک کے حالات بہتر کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے بھرپور کوشش بھی کر رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پہلے جتنی بھی باتیں کیں سب غلط ثابت ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ وہ پہلے تین مہینے بیرون ملک دورے پر نہیں جائیں گے لیکن انہوں نے دورے کیے، یہ جو کہتے ہیں اس پر پورا نہیں اترتے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومتیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بعد ان کی شرائط مانتی تھیں لیکن موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے ہی ان کی تمام شرائط مان لی ہیں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ کون سا وزیر اعظم قرضہ لانے کے بعد ملک کو مبارک باد دیتا ہے؟ ان کو تو شرمندہ ہونا چاہیے تھا کہ اپنی کی ہوئی باتوں پر ثابت قدم نہیں رہ سکے۔

احتساب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو سزائے موت دیں لیکن احتساب کا عمل شفاف طریقے سے ہونا چاہیے۔ یہ کوئی طریقہ نہیں جس پر حکومت چل رہی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل صالح حیات نے کہا کہ حکومت ابھی تک اپوزیشن کرنے کے موڈ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں اس طرح کے بیانات نہیں دیتیں جس طرح کے بیانات موجودہ حکومت دے رہی ہے۔

فیصل صالح حیات کا کہنا تھا کہ این آر او دینا یا نہ دینا وزیر اعظم کے ہاتھ میں نہیں ہے، عمران خان پھر ایسی باتیں کیسے کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے سامنے بہت سے غور طلب مسائل موجود ہیں اور یہ لوگ ان مسائل کے حل پر توجہ دینے کے بجائے اور کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت اپنا رویہ اور ترجیحات درست نہیں کرتی ملکی حالات بہتر نہیں ہو سکتے، حکومت کو اب ڈلیور کرنے کی ضروت ہے، انہیں دیکھنا چاہیے کہ انہوں نے دو ماہ کے عرصے میں کیا حاصل کیا ہے؟

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت قرضہ ملنے پر اتنا خوش ہو رہی ہے کہ جیسے قرضہ واپس نہیں کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر نئی حکومت گزشتہ حکومتوں پر الزامات ڈال دیتی ہے اور اپنی ذمہ داریوں سے بری ہونے کی کوشش کرتی ہے لیکن ملک ایسے نہیں چلتے۔


متعلقہ خبریں