27 اکتوبر تاریخ کا المناک ترین دن تھا، وزیراعظم



اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا المناک ترین دن تھا۔

یوم سیاہ کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے فوج کشمیرمیں بھیج کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اور سات دہائیوں سے کشمیر پر قابض ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 27 اکتوبر کے دن بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہلاکتوں میں اضافہ فوری کارروائی کے متقاضی ہے۔ یو این  کمیشن  آف انکوائری کے قیام کی سفارشات پر فوری عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حوصلہ مند کشمیری دنیا بھر کی حمایت و تحسین کے مستحق ہیں اور پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

یوم سیاہ کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی تحریک خودارادیت کو بندوق کے زور پر نہیں دبایا جا سکتا، کشمیر پر بھارتی افواج کا غاصبانہ قبضہ تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے اور نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حیسن نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہوگا، کشمیریوں کی منزل قریب ہے، یوم سیاہ بہت لمبے عرصے تک نہیں منایا جائے گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادی بھارتی قبضے پر مسلسل خاموشی اختیار نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر جاری مظالم کو روکنے کے لیے مودی کو لگام دی جائے۔

تحریک آزادی کشمیر کے رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یوم ساہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی ظلم و تشدد سہتے ہوئے تین نسلیں قربان ہوچکی ہیں اور چوتھی زخموں سے چور ہے۔

کشمیری 71سال سے بھارتی تسلط سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ دنیا کی تاریخ میں شاید ہی اتنی طویل جدوجہد کسی قوم نے کی ہو۔


متعلقہ خبریں