شاہ رخ جتوئی کو سہولیات فراہم کرنے پر چیف جسٹس برہم



کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سزائے موت پانے والے شاہ رخ جتوئی کو سہولیات فراہم کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور جیل انتظامیہ کو حکم دیا کہ مجرم کو ڈیتھ سیل منتقل کیا جائے۔

ہفتہ کے روز چیف جسٹس نے کراچی میں ملیر جیل کے اچانک دورے کے دوران قیدیوں کے بریکس کا معائنہ کیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار شاہ رخ جتوئی کے کمرے میں ٹی وی، موبائل اور پنکھا دیکھ کر انتظامیہ پر برہم ہوگئے۔

انہوں نے جیل حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پھانسی کا مجرم ہے اسے ڈیتھ سیل میں ہونا چاہیے آپ نے سی کلاس کیوں دے رکھی ہے۔ چیف جسٹس نے شاہ رخ جتوئی کو فوری طور پر ڈیتھ سیل منتقل کرنے کا حکم دیا اور آئی جیل خانہ جات کو طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس کے حکم پر شاہ رخ جتوئی کو اسپتال سے ملیر جیل منتقل کیا گیا تھا۔ قبل ازیں مجرم کو سینٹرل جیل میں بھی پرتعیش رہن سہن فراہم کیا گیا تھا۔

شاہ رخ جتوئی اور اس کے ساتھیوں نے  24 اور 25 دسمبر 2012 کی درمیانی شب ڈیفنس کے علاقے میں فائرنگ کرکے شاہزیب خان کو قتل کر دیا تھا۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت سنائی تھی۔


متعلقہ خبریں