نواز شریف بات مان لیتے تو یہ نوبت نہ آتی، چوہدری نثار

چوہدری نثار تمام سیٹوں پر شکست کھانے کے بعدپھٹ پڑے


راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ انہیں الیکشن کے بعد بھی عہدوں کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

راولپنڈی کے علاقہ چکری میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے ایک طویل عرصہ سے قائم کی ہوئی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو مشورہ دیا تھا اگر وہ میری مان لیتے تو آج یہ نوبت نہ ہوتی لیکن (ن) لیگ نے اپنی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میری ساری زندگی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں گزری لیکن کبھی بھی جی حضوری نہیں کی۔

اہلیان علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں آپ لوگوں کے ساتھ ہوں اور آپ ہمیشہ مجھے اپنے درمیان پائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ میرے اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہی میری کامیابی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے سیاست اقتدار کے لیے نہیں صرف عزت کے لیے کی ہے، میں نے اس وقت وزارت چھوڑی جب مرکز اور پنجاب میں حکومت تھی لیکن میں وہ عہدہ قبول کرتا ہوں جس میں عزت ہو اور اللہ کے کرم سے میرا اپنا ایک مقام ہے اور میں نے  پاکستان کا وقار پوری دنیا میں بلند کیا ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں نشست ہارا ہوں مگر ضمیر مطمئن ہے، اس وقت نہ الیکشن ہیں نہ مجبوری پھر بھی آپ لوگوں میں اپنے آپ کو پا کر خوشی ہو رہی ہے۔

اپنے سپورٹروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ حوصلہ رکھیں میں آپ کے ساتھ ہوں۔


متعلقہ خبریں