امریکہ میں یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ، 11 افراد ہلاک


پٹس برگ: امریکی شہر پٹس برگ کی ایک یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

امریکی ریاست پیننسلوینیا میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق مقامی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ زخمیوں میں سیکیورٹی افسران بھی شامل ہیں جن کی حالت کے بارے میں ابھی کچھ  نہیں کہا جا سکتا۔

امریکی میڈیا کی جانب سے شائع کی گئی تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز عبادت کے دوران ایک شخص نے عبادت گاہ میں گھس کر فائرنگ شروع کر دی۔

امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس کا مقصد مزہبی نفرت کا اظہار تھا۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص جو کہ ایک بھاری جسامت کا سفید فام آدمی تھا، نے عبادت گاہ میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی اور ساتھ ساتھ ’’تمام یہودیوں کو مرجانا چاہیے‘‘ چلاتا رہا۔

پیننسلوینیا کے گورنر ٹام وولف نے مشکوک شخص کے حراست میں ہونے کی تصدیق کی ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ مقامی ریسکیو ذرائع تمام صورتحال کو کنٹرول کر لیا ہے۔

مقامی پولیس کے کمانڈر جیسن لینڈو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تمام لوگوں کو خطرے کے پیش نظر گھر سے باہر نکلنے سے منع کیا ہے۔

عبادت گاہ میں مذہبی تہوار کے حوالے سے تقریب جاری تھی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ وہ ٹیلی وژن پر پٹس برگ میں ہونے والے واقعے کی تفصیلات دیکھ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں