سربراہ پاک بحریہ کا مشرقی سرحدی علاقے کا دورہ


اسلام آباد: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مشرقی سرحدی علاقے سرکریک کا دورہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مشرقی سرحد سے ملحق سرکریک پر پاک میرینز کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ نیول چیف نے جنگی مشق سی اسپارک 2018 کے دوران پاک میرینز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا جب کہ اگلے مورچوں میں آمد پر متعلقہ کمانڈرز نے امیر البحر کا استقبال کیا۔

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو سرحد پر واقع کریک کے علاقوں میں پاک میرینز کی جنگی مشقوں اور دیگر حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی ہمہ وقت تیاری، حوصلے اور جذبے کو سراہا۔

امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے جدید ہتھیاروں اور سازوسامان کے تندہی کے ساتھ بہترین استعمال پر زور دیا اور انتہائی ناموافق زمینی ماحول کے باجود پاک میرینز کی پیشے سے لگن، جنگی تیاریوں اور بلند حوصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں