آل پارٹیز کانفرنس، مولانا فضل الرحمان کی نوازشریف کو دعوت


لاہور: سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے جمعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی اور آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

مولانا فضل الرحمان سابق وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے جاتی امراء پہنچے اور اُنہیں سابق صدر آصف علی زرداری سے ہونے والے بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کی باہمی ملاقات میں اپوزیشن اتحاد، موجودہ سیاسی صورتحال اور اے پی سی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون نے اے پی سی کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے اور اے پی سی میں شرکت کے لیے اعلیٰ سطح وفد بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ نواز شریف کی شرکت کے حوالے سے چند روز میں فیصلہ کیا جائے گا۔

نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اے پی سی کا ایجنڈا اور مقاصد پوری طرح واضح کرنے اور اے پی سی کے مقاصد پر پیپلزپارٹی کا تفصیلی مؤقف سامنے لانے کا کہا۔

مولانا فضل الرحمان نے نوازشریف کی دستیابی پر اے پی سی کی تاریخ طے کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اے پی سی پر مشاورت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں