پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حزب اختلا ف کا سیاسی میدان اور قومی اسمبلی کے ایوان میں مقابلہ کرنے کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔

ہم نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیے گئے اجلاس کی صدارت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کریں گے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی قومی اسمبلی کے منعقد ہونے والے اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی طے کرے گی۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع  نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں حزب اختلاف کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس پر نہ صرف غور کیا جائے گا بلکہ اپوزیشن سے قومی اسمبلی کے اجلاس اور ایوان میں نمٹنے کی بھی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق عمران خان منعقدہ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان کے 13 ویں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر 29 اکتوبر سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایوان زیریں کے اجلاس میں وقفہ سوالات اور قانون سازی سمیت اہم قومی و بین الاقوامی امورزیربحث آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر قومی اسمبلی کو ملک کی معاشی صورتحال پر بھی آگاہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں