اپنے خزانے بھرنے کے عادی احتجاج نہیں کرسکتے، عبدالعلیم خان

علیم خان

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن باہر بیٹھے، ہم بریانی کھلائیں گے اور کنٹینر بھی دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن سے نہیں کہا کہ اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیکن اگر کسی کا گریبان پکڑیں گے، کرسیاں توڑیں گے اوریا ایم این ایز کو ماریں گے تو وہ برداشت نہیں ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق وہ حضرت عثمان علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کی درگارہ پر حاضری کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ جتنے چور نواز شریف کی سربراہی میں تھے وہ اب آصف علی زردراری کی سربراہی میں اکھٹے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت میں رہ کر اپنے خزانے بھرنے کی عادی لوگ احتجاج نہیں کرسکتے ہیں۔

پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس پرجاؤں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرائم منسٹر نے ہدایت کی ہے کہ یہاں لنگر خانہ اور مسافر خانہ بنایا جائے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ لوگوں کو یہاں ٹھہرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پانچ مسافرخانے بنانے کا پلان تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ داتا دربار کا مسافر خانہ میں خود اپنی جیب سے بنواؤں گا جس میں لوگ مفت رہ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ باقی تمام لنگر خانے اور مسافر خانے ایل ڈی اے کی طرف سے بنوائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین اسٹوری مسافر خانہ بنے گا جس میں بیک وقت 300 مسافر رہ سکیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم انڈر گراؤنڈ پارکنگ بنانے کا پلان بھی تیار کر رہے ہیں۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا اسپیکر پنجاب اسمبلی سے اختلاف کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالہی بہت بڑے دل کے مالک ہیں اور وہ کسی سے زیادتی نہیں کرتے ہیں۔

حضرت عثمان علی ہجویریؒ کے مزار پہ حاضری کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا جہاں نام لو وہاں ڈیزل کی آوازیں آتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاست میں مولانا فضل الرحمان کا کردار بالکل ’بی جمالو‘ جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم آج بھی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس کی بھی تجاوزات کو ہٹایا جاتا ہے تو اس کی طرف سے سفارش آجاتی ہے۔

پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ہم نیوز کے مطابق کہا کہ تجاوزات کو گرانے سے روکنے کی سفارشیں روز ہی آتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسداد تجاوزات مہم کسی غریب کے خلاف نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں