کل سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوگا


اسلام آباد: وفاقی حکومت کے احکامات پر پیرسے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا ئے گا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزارت توانائی کے حکم پر پورے پنجاب میں گھریلو، تجارتی اور صنعتی علاقوں میں بجلی چوروں کےخلاف ایکشن لیا جا ئے گا۔

پاور ڈویژن حکام کے مطابق ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاقوں میں بجلی چوری کےخلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔

وفاقی حکومت کے فیصلے کے تحت بجلی چوروں کو سخت سزائیں دی جائیں گی اور جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے سال رواں میں 150 ارب روپے کی بجلی چوری اور لائن لائسز کو کم کرنے کا ٹارگٹ متعین کیا ہے۔

وفاقی حکومت کے فیصلے کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب سے بجلی چوروں کا صفایا کرکے لائن لاسزکا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزارت توانائی کے طے کردہ اہداف کے مطابق دوسرے مرحلے میں سندھ ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں  اسی نوعیت کا آپریشن کیا جائے گا۔

پاور ڈویژن کے حکام نے ہم نیوز کو بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف اراکین قومی و صوبائی اسمبلییوں سے مدد لی جائے گی۔ وزارت توانائی اس ضمن میں صوبائی حکومتوں سے بھی تعاون حاصل کرے گی۔

ماضی کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوری کی شرح بہت زیادہ ہے۔

وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ کسی دوسرے کی چوری یا بد انتظامی کا خمیازہ عوام نہ بھگتیں۔

وزیراعظم نے اس ضمن میں واضح ہدایت دی ہے کہ یہ عمل کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت انرجی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی تھی۔

عمران خان نے وزارت توانائی کے حکام سے کہا تھا کہ وہ بجلی کی قمیتوں میں کمی لانے اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو ہٹانے کے لیے  فوری اقدامات کریں۔

 


متعلقہ خبریں