حکومت سندھ کی پھرتی، جیل سپرٹنڈنٹ معطل و بحال


کراچی: شہر قائد کی ملیر جیل میں قتل کے مجرم شاہ رخ جتوئی کو غیرقانونی سہولیات دینے کے الزام میں ملوث جیل  سپرٹنڈنٹ حسن سہتو کو ایک ہی نوٹی فکیشن میں معطل اور بحال کردیا گیا۔ جیل سپرٹنڈنٹ کو چیف جسٹس آف پاکستان نے معطل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

ہم نیوز نے محکمہ داخلہ سندھ  کے ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حیرت انگیز طور پر صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس میں جیل سپرٹنڈنٹ کی معطلی اور بحالی دونوں کے احکامات درج ہیں۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے معطلی کے واضح احکامات کے باوجود نہ صرف محکمہ داخلہ سندھ نے عمل درآمد نہیں کیا بلکہ حسن سہتو کو ان کے منصب پر ہی کام کرنے کی ’غیر تحریری‘ اجازت دی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جیل سپرٹنڈنٹ حسن سہتو گزشتہ ایک ہفتے سے اپنی پوزیشن پر بدستور برقرار ہیں اور نوٹیفکیشن کے بغیر فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سربراہ جب قیدیوں کے بیرکس کے دورے کے دوران شاہ رخ جتوئی کے کمرے میں پہنچے تھے تو انہوں نے وہاں ٹی وی، موبائل فون اور پنکھا دیکھا جس پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے واضح طور پر جیل سپرٹنڈنٹ کو معطل کرنے اور مجرم شاہ رخ جتوئی کو ڈیتھ سیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے جیل حکام پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پھانسی کا مجرم ہے اسے ڈیتھ سیل میں ہونا چاہیے۔ ان کا استفسار تھا کہ آپ نے سی کلاس کیوں دے رکھی ہے؟

چیف جسٹس نے مجرم شاہ رخ جتوئی کو فوری طور پر ڈیتھ سیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات کو بھی طلب کیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پرہی  شاہ رخ جتوئی کو اس سے قبل اسپتال سے ملیر جیل منتقل کیا گیا تھا۔ مجرم کو سینٹرل جیل کراچی میں بھی پرتعیش رہن سہن فراہم کیا گیا تھا۔

شاہ رخ جتوئی اور اس کے ساتھیوں نے 24 اور 25 دسمبر 2012 کی درمیانی شب ڈیفنس کے علاقے میں فائرنگ کرکے شاہ زیب کو قتل کر دیا تھا۔

کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت سنائی تھی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اس سے قبل ضیاالدین اسپتال کے دورے کے موقع پر بھی سابق وزیر شرجیل انعام میمن کے کمرے سے ممنوعہ اشیا برآمد کی تھیں جو بعد میں ’جائز‘ اشیا میں تبدیل ہوگئی تھیں۔


متعلقہ خبریں