سری لنکا میں رانا ٹنگا قتل کے الزام میں گرفتار

سری لنکا میں رانا ٹنگا قتل کے الزام میں گرفتار | urduhumnews.wpengine.com

کولمبو: سری لنکا پولیس نے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ارجونا رانا ٹنگا کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

رانا ٹنگا کو دو دن قبل سری لنکا کے صدر میتھری پالا نے نئے وزیراعظم کی تعیناتی کے بعد کابینہ تحلیل ہونے پر برطرف کردیا تھا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب رانا ٹنگا نے سرکاری Ceylon Petroleum کارپوریشن میں واقع اپنے سابقہ دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں موجود افراد نے مزاحمت کی اورانہیں داخلے کی اجازت نہیں دی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق جب انہیں دفتر میں داخلے کی اجازت نہیں ملی اور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تو ان کے گارڈز نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق زخمی تین افراد میں سے ایک شخص اسپتال میں دوران علاج جان کی بازی ہار گیا۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سری لنکن صدر کے احکامات کے بعد ٹریڈ یونینز سے وابستہ افراد تحلیل شدہ کابینہ کے اراکین کو ان کے سابقہ دفاتر میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ارجونا رانا ٹنگا کو کولمبو کرائم ڈویژن نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کوعدالت میں پیش کردیا جائے گا۔

1996 کا ورلڈ کپ جیت کر دنیائے کرکٹ میں نام کمانے والے سری لنکا کے سابق کپتان رانا ٹنگا تسلسل کے ساتھ خبروں میں رہے ہیں۔

اکتوبر 2018 میں ایک بھارتی ایئرہوسٹس نے اپنی فیس بک پوسٹ پر لکھا تھا کہ ممبئی کے ہوٹل میں رانا ٹنگا نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔ ان کا الزام تھا کہ وہ بڑی مشکل سے خود کو محفوظ رکھ کر استقبالیہ پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

بھارت کی پلے بیک سنگر چنمائی سریپادا نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ وہ جب اپنی ایک دوست کو ڈھونڈ رہی تھیں تو رانا ٹنگا نے ان سے غلط بیانی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے کمرے میں ہیں اور جب وہ اندر گئیں تو ٹنگا نے دورازہ بند کرلیا مگر اسٹاف کے آجانے پر ان کی جان بچی اوروہ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔

ایک ہفتہ قبل جب سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف فنانشل آفیسر پیال نندانا کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا تو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اس وقت کے وفاقی وزیر تیل ارجنا رانا ٹنگا نے بھارت سے مدد مانگ لی تھی۔

سابق سری لنکن کپتان نے خیال ظاہر کیا تھا کہ بھارتی ایجنسی سی بی آئی سری لنکن کرکٹ بورڈ سے کرپشن بہتر انداز سے ختم کرسکتی ہے۔ اس بیان پر بھی اندرون ملک انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

معطل وفاقی وزیرپٹرولیم اور سابق سری لنکن کپتان اس وقت بھی عالمی ذرائع ابلاغ میں شہ سرخیوں کی زینت بن گئے تھے جب انہوں نے  کرکٹ کو سٹے بازوں کا کھیل قرار دیا تھا۔

ورلڈ کپ کی  فاتح سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورموجودہ دور کے سیاستدان ارجنا رانا ٹنگا نے کہا تھا کہ میں ایمانداری سے بتاتا ہوں کہ ہمارے ملک کی کرکٹ انتظامیہ بہت خراب ہے۔ ان کا الزام تھا کہ کرکٹ کو جواری چلارہے ہیں اور یہ اب سٹے بازوں کا کھیل بن چکا ہے۔


متعلقہ خبریں