شہباز شریف اور آصف زرداری کی قومی اسمبلی میں ساتھ انٹری

شہباز شریف اور آصف زرداری کی قومی اسمبلی میں ساتھ انٹری | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پیر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے صدر مسلم لیگ (ن) اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ایک ساتھ آمد خبروں کا محور بن گئی۔

قائد حزب اختلاف کو لاہور سے بذریعہ موٹروے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد لایا گیا تواسمبلی کے داخلی راستے سے ہوتے ہوئے لابی میں پہنچنے پر ان کا سامنا آصف علی زرداری سے ہوا۔

دونوں رہنما  خوشگوار انداز میں ایک دوسرے سے ملے اور  اسمبلی ہال میں بھی اکٹھے داخل ہوئے۔

کچھ فاصلہ ساتھ طے کرنے کے بعد اپوزیشن لیڈر اپنے چیمبر کی جانب جبکہ شریک چیئرمین پی پی پی اسمبلی ہال کی جانب روانہ ہو گئے۔

ملاقات سے متعلق سوالات کے جواب میں اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سے لابی میں ملاقات ہوئی، انہوں نے میری اور میں نے ان کی خیریت دریافت کی ہے لیکن اے پی سی کے حوالے سے زرداری صاحب سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان اور میاں نواز شریف لاہور میں موجود تھے اور اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ مولانا فضل الرحمان نواز شریف سے ملاقات کر کے انہیں آصف زرداری سے ملنے اور اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی بنانے کے حوالے سے راضی کریں گے۔

سابق وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف سے مشورہ کرنا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل آصف علی زرداری نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو ان کی  نہ انہیں نواز شریف کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں