بابر اعظم ٹی ٹوینٹی کے نمبر ایک بیٹسمین بن گئے


دبئی: پاکستانی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار فتح کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کے لیے نئی رینکنگ جاری کردی ہے، نوجوان بلے باز بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بلے باز بن گئے ہیں۔

انہیں یہ اعزاز آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں دو نصف سنچریاں بنانے کے بعد ملا، بابر ایک میچ میں نصف سنچری سے صرف 5 رنز قبل یعنی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل اپریل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں بھی بابرنے آخری دو میچز میں 50 سے زیادہ رنز اسکور کیے تھے، تاہم  وہ انجری کے بعد قومی ٹیم سے کچھ عرصہ باہر رہے لیکن ان کی فارم میں کوئی کمی نہ آئی۔

بابر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت تینوں میچوں قومی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور یہی آغاز بعد ازاں سیریز میں کلین سوئپ کا باعث بنا۔

واضح رہے کہ اس سیریز سے قبل بابر آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر تھے اور زبردست بلے بازی کی بدولت چار پوزیشینز ترقی کر کے پہلے نمبر پر آگئے۔

ان سے قبل آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ ٹاپ پوزیشن پر براجمان تھے لیکن مسلسل تین میچوں میں ناکامی کے سبب وہ اس عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اسی طرح اوپننگ بلے باز فخر زمان بھی دو سلاٹس تنزلی کے بعد اب پانچویں نمبر آگئے ہیں۔

بالرز کی رینکنگ کی بات کی جائے تو غیر معمولی طور پر پہلی پانچ پوزیشنز لیگ بریک اسپنرز کے پاس ہیں جبکہ نوجوان اسپنر شاداب خان بھی فہرست میں دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔

اس فہرست میں راشد خان پہلے، شاداب دوسرے، اش سودھی تیسرے نمبرپر موجود ہیں۔ اسی طرح بھارت کے یوزوندرا چاہل چوتھے اور عادل رشید پانچویں نمبر پر ہیں۔

قومی ٹیم کے لیے تیسری بڑی خوش خبری یہ ہے کہ ایک سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے عماد وسیم بھی آتے ہی ٹاپ ٹین ٹی ٹوینٹی بولرز میں شامل ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مسلسل دسویں فتح کے بعد پاکستان ٹیم نے آئی سی سی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مضبوط کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں