اعظم سواتی جھگڑا،صلح کے بعد ملزمان کی ضمانت منظور

وزیر اعظم کے ویژن کو بڑھانے کیلیے صادق سنجرانی منتخب ہوئے، اعظم سواتی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت نے اعظم سواتی کے بیٹے اور ملزمان میں صلح کے بعد ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا بیٹا عثمان سواتی اور ملزمان کے اہل خانہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر نے کی۔

عدالت نے ملزمان کی دس، دس ہزار روپے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی ہے جب کہ فریقین نے عدالت میں صلح نامہ بھی جمع کرا دیا ہے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے میڈیا کو احاطہ عدالت سے باہر جانے کا حکم دیا لیکن میڈیا نمائندوں نے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کے اندر رکنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور نہیں کیا اور میڈیا نمائندوں کو دوران سماعت کمرہ عدالت سے باہر رہنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے حکم دیا کہ وکلا اور پولیس کے علاوہ کوئی شخص بھی کمرہ عدالت میں موجود نہیں ہو تاہم عدالت نے حکم سنانے سے قبل میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت میں طلب کیا اور حکم سنایا۔

ملزمان میں احسان اللہ، ضیا الدین، صلاح الدین اور دو خواتین شامل تھیں۔ دو روز قبل اعظم سواتی کے گارڈ کے ساتھ ملزمان کا جھگڑا ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں