اپوزیشن کے پاس قیادت ہے نا نظریہ، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے پاس قیادت ہے اور نا ہی کوئی نظریہ۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے وہ اسمبلی کے باہر رہ کر میٹنگز کرسکتے ہیں اندر نہیں آسکتے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے چاکلیٹس کی طرح اربوں روپے بانٹے اور سیاسی  بھرتیوں کی وجہ سے اداروں کوتباہ کیا۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران کہا کہ ہمارا اور اپوزیشن کا جھگڑا صرف ایک ہے ہم کہتے ہیں نا رو وہ کہتے ہیں این آر او۔ انہوں نے کہا کہ این آر او پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے مدد مانگی ہے آپ کی طرح اپنے  بچوں کے اکاؤنٹ بھرنے کے لیے نہیں مانگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا گزشتہ حکومتوں کے دور میں کوئی سوچ سکتا تھا کہ پاکستان کو مشرق وسطہ میں اہم کردار مل سکتا ہے، لیکن آج ہمیں ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کہا جارہا ہے۔ عمران خان کو عالمی سطح پر مسائل کےحل کے لیے کہا جارہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پہلی بار پاکستان کے زراعت پیشہ لوگوں کو وزیراعظم کے دورہ چین سے خوشخبری ملے گی۔ ہم فرشتے نہیں ہیں، ہماری غلطیاں ہوں گی، لیکن لوگوں کو پتا ہے کہ عمران خان ملکی مفاد کا سودا نہیں کرے گا۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا ک نیپرا نے 3.82 روپے کا اضافہ تجویز کیا تھا لیکن ہم نے 1.27 کا اضافہ کیا، 75 فیصد لوگ اس سے متاثر نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا موجودہ اپوزیشن کا دعویٰ تھا کہ اگر بجلی سستی نہ ہوئی تو نام بدل دیں، لیکن ان کے مہنگے پراجیکٹس کی وجہ سے سردیوں میں 1 ارب دو کروڑ اور گرمیوں میں 1 ارب 80 کروڑ یومیہ خسارہ ہورہا ہے اور ان کے مہنگے منصوبوں کے باعث ایک روپے 32 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی ہوئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں وہ دور ختم ہوچکا ہے، پاکستان نام بہت جلد قرض دینے والے ممالک میں ہوگا۔

قبل ازیں تقریر کے بعد اسد عمر کے جانے پر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں