میڈیا ہاؤس حملہ کیس: ملزمان کی ڈیم فنڈ میں جرمانہ جمع کرانے پر ضمانت کا حکم

فائل فوٹو


کراچی: انسداد ہشتگردی کی خصوصی عدالت میں میڈیا ہاؤس پر حملے، پاکستان مخالف نعروں اور قتل کے مقدمات سےمتعلق کیس میں ضمانت پر چاروں ملزمان کو فی کس 10 ہزار روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا۔

گزشتہ سماعت پر عدالتی تنبیہ کے باوجود ملزمان نے وقت پر حاضری یقینی نہ بنائی تھی جس کے باعث عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

عدالت نے ملزمان کی ضمانت بحال کرتے ہوئے دونوں مقدمات میں ملزمان پر 5 ، 5 ہزار جرمانہ عائد کردیا۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حکم جاری کیا کہ ملزمان جب تک جرمانے کی رقم ڈیم فنڈ میں جمع نہیں کراتے ریلز آرڈر جاری نہیں کیا جائے گا۔

ملزمان میں اشرف نور، سید ارشد علی، حسن عالم اور محمد جہانگیر شامل ہیں۔

چار ملزمان کی عدم حاضری کے باعث مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی تھی۔

مقدمہ میں فاروق ستار، عامر خان، کنور نوید جمیل، قمر منصور، شاہد پاشا، گل فراز خٹک و دیگر نامزد ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت تین نومبر تک ملتوی کردی۔

فاضل عدالت کیس ہٰذا میں ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔


متعلقہ خبریں