تحریک انصاف کی حکومت سب سے کم مدت کی ہو گی، رانا ثنا اللہ


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف ہم پر پولیس کے غلط احکامات لگانے کے الزام لگاتی رہی ہے، انہوں نے یہ تمام کہانیاں خود بنائیں اور پھر اس جھوٹ کو اتنا دہرایا کہ لوگوں کو سچ لگنے لگے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ تحریک انصاف کی جماعت میں ستر فیصد لوگ تو ان کے اپنے ہیں ہی نہیں، ان لوگوں سے کچھ نہیں ہو سکے گا، تحریک انصاف کی حکومت سب سے کم مدت کی ہو گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ جون ایلیا کا شعر “میں بھی بہت عجیب ہوں، اتنا عجیب ہوں کہ بس، خود کو تباہ کر لیا اور ملال بھی نہیں” حکومت کا حال بیان کرتا ہے، ایسے ہی یہ حکومت خود کو خود ہی تباہ کر رہی ہے، حکومت کو اپنا دفاع کرنے میں بہت مشکل ہو رہی ہے، جو کام اپوزیشن کا تھا وہ حکومت خود ہی کر رہی ہے۔

حکومت پر تنقید کرنے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے انہوں نے عوام کو بہت اونچے خواب دکھائے اور یہ بتایا کہ ملک میں سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، انہوں نے جو باتیں کی وہ نہیں کر رہے اور جو نہیں کیں وہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ حکومتوں پر بہت زیادہ تنقید کی تھی لیکن آج یہ خود کیا کر رہے ہیں؟ صرف باتیں کرنے سے کچھ نہین ہوتا، اب حکومت کو کام کر کے دیکھنا چاہیئے۔

ناز بلوچ نے کہا کہ حکومت بلکل سنجیدہ نہیں ہے، ان کے پاس کوئی پالیسی یا پلان نہیں ہے، انہوں نے سرمایہ کاروں کو بھی ڈرا کے بھگا دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد نے کہا کہ پالیسی بنانا ہر حکومت وقت کا حق ہوتا ہے، پالیسیاں آئین کے تحت بنائی جاتی ہیں، بیوروکریٹ کو بھی ہر اس پالیسی پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے لیے سب برابر ہیں، کسی کے ساتھ بھی زیادتی ہو گی تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔ (ن) لیگ اتنا وقت جو پولیس اور بیورکراسی کا حال برا کیا تو اسے ٹھیک کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔


متعلقہ خبریں