خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں دوران ڈیوٹی اسمارٹ فون کے استعمال پر پابندی


پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے اسپتالوں میں اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر حشام انعام اللہ خان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ ڈیوائس کے استعمال سے صحت کے شعبہ کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون پاس ہونے سے اکثر یہ شکایات موصول ہوئی ہیں کہ اسٹاف اپنے فون میں مصروف رہتے ہیں اور مریضوں پر توجہ نہیں دی جاتی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسا کرنے سے مریضوں اور ان کے لواحقین میں اضطراب کی کیفیت پیدا ہوتی ہے جو کہ قابل قبول نہیں ہے۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر انٹرنیٹ کی ضرورت مریضوں کی مدد کے لیے مقصود ہو تو اس کا بندوبست میز پر موجود کمپیوٹر سسٹم پر کیا جائے۔

جاری کردہ آرڈر کے مطابق اسٹاف کی سہولت، ایمرجنسی کال اور رابطے کے لیے بغیر انٹرنیٹ کے فون استعمال کرنے کی اجازت رہے گی۔

حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ محکمہ صحت آزاد اور خودمختار مانیٹرنگ یونٹ کی مدد سے ان احکامات پر عمل در آمد یقنینی بنائے گی اور عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر صحت کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں