پہلا ٹی ٹوینٹی: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان دو رنز سے فاتح

pak vs new zealand

ابو ظہبی: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے پہلے ٹی ٹوینٹی میں نیوزی لینڈ کو دو رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب کا نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور پاور پلے میں 50  رنز بنا دیے۔

کیویز کی پہلی وکٹ چھٹے اوور کے اختتام پر گری جب ڈیبیو کرنے والی کھلاڑی گلین فلپس 12 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آوٹ ہوئے۔

پاور پلے کے بعد اسپنرز کی آمد نے کیویز کی رن بنانے کی رفتار کو بریک لگادیے۔ پریشر بڑھنے لگا تو کولن منرو، جو اب تک اپنی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت پاکستانی بالرز کے لیے مشکلات کا سبب بن رہے تھے، بارہویں اوور میں 58 رنز بنا کر آوٹ شاداب خان کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

کیویز کے لیے یہ بڑا جھٹکا تھا، اگلے ہی اوور میں کپتان کین ولیمسن بھی 11 رنز بنا کر عماد وسیم کو انہی کی گیند پر کیچ تھما کر چلتے بنے۔ وہ آوٹ ہوئے تو تین وکٹوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 83  تھا۔

مہمان ٹیم کو اگلا اور بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب آل راونڈر گرانڈ ہوم 6 رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ رن آوٹ ہوگئے، کیویز کا اسکور اس وقت 89 رنز تھا اور انہیں 60 رنز مزید درکار تھے ، کریز پر روس ٹیلر اور کورے اینڈرسن موجود تھے۔

اگلے دو اوورز دونوں نے احتیاط کا مظاہرہ کیا اور بڑے شاٹس کے لیے جانے کے بجائے سنگلز، ڈبلز کے ذریعے اسکور کو آگے بڑھایا۔ نیوزی لینڈ کا اسکور 17 اوورز کے بعد 112/4  تھا اور انہیں میچ جیتنے کے لیے اب بھی 36 رنز کی ضرورت تھی۔

شاہین آفریدی کی جانب سےاٹھارویں اوور کی ابتدا ہی وائد بال سے ہوئی، اس اوور میں انہوں نے 11 رنز دیے۔ نیوزی لینڈ کو اب آخری 12 گیندوں پر 26  رنز درکار تھے اور ان کی 6 وکٹیں اب بھی باقی تھیں۔

دونوں ٹیموں کے لیے یہ اوور بہت میچ کے نتیجے کے اعتبار سے بہت اہم تھا۔ سرفراز نے گیند حسن علی کو تھمائی اور انہوں نے پہلی ہی گیند پر کورے اینڈرسن کو چلتا کیا، شعیب ملک نے باونڈری لائن پر شاندار کیچ پکڑا۔

روس ٹیلر اب اسٹرائک پر تھے اور انہوں نے اوور کی اگلی 4 گیندوں پر 9 رنز لے کر گیم کو مزید دلچسپ بنا دیا، تاہم اوور کی آخری گیند پر حسن نئے بلے باز سیفرٹ کی وکٹ لیے میں کامیاب ہوگئے اور اس طرح میچ آخری اوور میں داخل ہوگیا۔

مہمان ٹیم کو جیت کے لیے آخری 6 گیندوں پر 17 رنز درکار تھے اور اسٹرائک جارح مزاج بلے باز ٹیلر کے پاس تھی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی آخری اوور کرانے آئے تو پہلی 5 گیندوں پر 10 رنز بن چکے تھے اور آخری گیند پر صرف 7 رنز مزید درکار تھے، یعنی آخری گیند پر ایک بڑی ہٹ پاکستان کو جیت سے محروم کر سکتی تھی، تاہم ٹیلر صرف اس گیند پر صرف 4 رنز ہی بنا سکے اوراس طرح پاکستان نے یہ میچ اعصاب شکن مقابلے کے بعد 2 رنز سے جیت لیا۔

پہلی اننگ

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو تیسرے ہی اوور میں دونوں اوپنرز 10 رنز کے مجموعے پر پولین لوٹ گئے۔

آصف علی کو بلے بازی کا بھرپور موقع دینے کے لیے تیسرے نمبر پر بھیجا گیا تھا جبکہ محمد حفیظ آج چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔

دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے شاندار بلے بازی کی اور 67 رنز جوڑ کر ٹیم کو پریشر سے نکالا۔

حفیظ اس بار بھی اپنی نصف سنچری سے محروم رہے اور 77 کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہوئے، فاسٹ بالر ٹیم ساودی نے بیک فٹ کوور پر ایک شاندار ڈاونگ کیچ لیکر ان کی اننگ کا اختتام کیا۔

مجموعے میں 16 رنز کے اضافے کے بعد آصف علی بھی 24 رنز بناکر آوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 93 رنز تھا۔

پے در پے نقصانات کی وجہ سے اگلے دو اوور پاکستانی بلے باز اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے، 17  اوورز کے اختتام پر پاکستان کا مجموعی اسکور 113/4 تھا۔

پاکستان کو اسکور بورڈ پر ایک فائٹنگ ٹوٹل سجانے کے لیے بڑے شاٹس کی ضرورت تھی۔ ایسی ہی ایک کوشش کرتے ہوئے سرفراز بھی اگلے ہی اوور میں آوٹ ہوگئے، انہوں نے 34 رنز اسکور کیے۔

اٹھارویں ہی اوور میں اگلی وکٹ شعیب ملک کی گری، وہ فہیم اشرف کی جانب سے دوسرا رنز لیتے ہوئے 8 رنز کے انفرادی اسکور پر ن آوٹ ہوگئے، پاکستان نے 18 اوورز کے اختتام تک 6 وکٹوں پر 123 رنز بنا رکھے تھے۔

وکٹ پر موجود دو آل راونڈرز فہیم اشرف اور عماد وسیم نے آخری دو اوورز 25 رنز جوڑ کر پاکستان کا اسکور 6 وکٹس کے نقصان پر148 تک پہنچا دیا، عماد وسیم 14 جبکہ فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔


متعلقہ خبریں