وزیر اعظم کی آرمی چیف سے ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم کی آرمی چیف سے ملاقات، امن و امان پر تبادلہ خیال|humnews.pk

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعت و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے پیغام میں کہا کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور اہم امور پر گفتگو کی گئی ہے۔

فواد چوہدری کے مطابق ملاقات میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان حالات میں متحد ہے۔

اس سے قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی کی سزا سے متعلق سپریم کورٹ نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دیا ہے جبکہ انہوں نے شرپسند عناصر کو خبردار کیا کہ ملک میں بد امنی کے نتیجے میں ریاست ایکشن لینے پر مجبور ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان عناصر کو کہتا ہوں کہ وہ ریاست سے نہ ٹکرائیں اور اپنی سیاست کے لیے ملک کو نقصان نہ پہنچائیں، انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور کسی قسم کی توڑ پھوڑ نہیں ہونے دے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آسیہ بی بی کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر جو ردعمل دیا گیا اور جس قسم کی زبان استعمال کی گئی اس پر میں قوم سے بات کرنے پر مجبور ہوا ہوں۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کیس میں رہا کرنے کے خلاف مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ملک بھر میں احتجاج اور جلاو گھیراو شروع کردیا ہے۔ جس کے باعث پورے ملک میں معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں