پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کا راج



لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں اور شہروں میں اسموگ کا راج ہے جس کے باعث شہریوں میں مختلف بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شہر جھنگ، ساہیوال، ننکانہ صاحب، فیصل آباد اور لاہور اسموگ سے متاثر ہورہیں ہیں اور سڑکوں پر حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ برس اسموگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر لاہور اور فیصل آباد کو اس برس اسموگ کے لیے ریڈ زون قرار دیا ہے۔

نومبر کا مہنہ آتے ہی لاہورکی کئی اہم شاہراہوں پر اسموگ  کے باعث حد نگاہ کم ہونے لگی ہے جس سے الصبح اور رات کو بھی  ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ مسافروں کو اپنی منزل پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہر میں اسموگ اور دھند کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

زہریلی اسموگ کے باعث شہریوں میں آنکھوں اور گلے کی بیماریاں بھی بڑھنے لگی ہے اور دمہ کے مریضوں کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔

طبی ماہرین نے اسموگ کی صورتحال میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کیں ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری اسموگ والی فضا میں منہ پر ماسک لگا کر گھر سے باہر نکلے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے شہروں میں اسموگ کا زور بارش ہونے کے بعد ٹوٹے گا جب کہ محکمہ موسمیات نے آج پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برسنے کی نوید بھی سنا رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں