کسی بھی پولیس افسر کو آئی جی اسلام آباد کا اضافی چارج دینے کا حکم

فوجی عدالتوں سے سزایافتہ196مجرموں کی رہائی کا حکم معطل

فائل فوٹو


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے کسی بھی پولیس افسر کو آئی جی اسلام آباد کا اضافی چارج دینے کا حکم دے دیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں مسقتل آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کے لیے درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں کوئی بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہے اس لیے فوری طور پر نئے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کی اجازت دی جائے۔

اٹارنی جنرل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ کل سے ملک بھر میں جو صورتحال پیدا ہوئی اس میں مستقل آئی جی کی سخت ضرورت ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کو زیر التوا مقدمے میں مستقل آئی جی مقرر کرنے کی اجازت کیسے دے دیں ؟ عدالت نے آئی جی تبادلہ ازخود نوٹس میں آئی جی کے تبادلے کو معطل کیا ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ناموس رسالتﷺ کی توہین برداشت نہیں کرسکتے اور اس پر جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں تاہم اگر کسی کے خلاف کیس ہی نہ بنتا ہو تو اسے سزا کیسے دے دیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں آئی جی اسلام آباد جان محمد ملک میں موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے ہم وفاقی حکومت کو عبوری آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کا حکم دیتے ہیں۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کو نئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کی تعیناتی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

اٹارنی جنرل نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ وہ وفاقی حکومت کو مستقل طور پر نئے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کی اجازت دے کیونکہ موجودہ صورتحال میں کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہے جب کہ آئی جی اسلام آباد جان محمد ملک سے باہر ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پہلے ہی سے آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کی کوششوں میں ہے اور پولیس افسر اعظم خان تیموری اور عامر ذوالفقار کے اس سلسلے میں انٹرویو بھی ہو چکے ہیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے منگل کو آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جان محمد کے تبادلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا اور چیف کمشنر کی جانب سے آئی جی اسلام آباد جان محمد کی چھٹیوں کو منسوخ کرتے ہوئے فوری طور پر وطن واپس پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ جس کے بعد آئی جی اسلام آباد جان محمد گزشتہ شب ملائیشیا سے اسلام آباد پہنچے اور اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔


متعلقہ خبریں