’اظہر علی کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے خوش نہیں‘


کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا لیکن پاکستان کی ٹیم بہت اچھا کھیل رہی ہے، کل کے میچ میں بھی قومی ٹیم نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔

ہم نیوز کے پروگرام “گیم پلان” میں میزبان فضیلہ صبا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام کھلاڑی مل کر اچھی کارکردگی دکھائیں تو زیادہ اچھا لگتا ہے، اگر پاکستانی ٹیم اسی جذبے سے ساتھ کھیلتی رہے تو بہت آگے تک جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت شاندار فیلڈنگ کرتی ہے، کل بھی انہوں نے ایسی ہی فیلڈنگ کی لیکن قومی ٹیم نے بھی بہت اچھی فیلڈنگ کرتے ہوئے چیت کا سہرا اپنے سر باندھا۔

اظہر علی کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ اظہر علی کی ریٹائرمنٹ سے خوش نہیں ہیں، وہ چاہتے تھے کہ اظہر علی اور میچز بھی کھیلیں لیکن یہ فیصلہ کھلاڑی کا اپنا ہوتا ہے، اظہر علی اچھے کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

محسن حسن کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کو اس بات کا ڈر نہیں پونا چاہیئے کہ آج وہ گیم مین ہیں لیکن کل ان کو کسی غلطی پر نکال نہ دیا جائے، اس طرح کی چیزیں کھلاڑی کی کارکردگی پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں۔

انڈر 15 فٹ بال ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پروگرام میں موجود مہمان سعد محمود نے کہا کہ انڈر 15 کے کھلاڑیوں میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، اس کو اور زیادہ ابھارنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہی کھلاڑی آگے چل کر انڈر 16 اور انڈر 19 میں کھیلیں گے۔

ریال میڈرڈ فاؤنڈیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا تین روزہ پروگرام قابل تعریف ہے، اس سے کھلاڑیوں کو بہت زیادہ فائدہ حاصل ہو گا۔


متعلقہ خبریں