گلوکار ایڈورڈ کرسٹوفر شیران نے اپنی گرل فرینڈسے شادی کرلی


لندن: برطانوی گلوکارو اداکار ایڈورڈ کرسٹوفر شیران نے اپنی گرل فرینڈ چیری سیبورن سے شادی کرلی۔ عالمی شہرت کے حامل گلوکار، نغمہ نگار، گٹارسٹ، ریکارڈ پروڈیوسر اور اداکار کی شادی میں صرف 40 افراد نے شرکت کی۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایڈورڈ کرسٹوفرشیران نے بچپن کی دوست اوراپنے آبائی علاقے سے تعلق رکھنے والی چیری سیبورن سے شادی کی تقریب کو انتہائی خفیہ رکھا۔ شادی کی تقریب میں صرف چند دوستوں اور خاندان کے چیدہ چیدہ افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔

برطانوی سنگر و اداکار کی خواہش پر خفیہ اورمحدود رکھی جانے والی شادی کی تقریب میں ذرائع ابلاغ کے مطابق تقریباً 40 افراد نے شرکت کی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھنے والا نوبیاہتا جوڑا بچپن سے ایک دوسرے کو جانتا ہے۔ اس ضمن میں کہا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان میل ملاقات کا سلسلہ 2015 میں شروع ہوا تھا۔

برطانوی گلوکارشیران نے جنوری 2018 میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’انسٹاگرام‘ پراپنی منگنی کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے اطلاع دیتے ہوئے پیار بھرے پیغام میں لکھا تھا کہ ’’ہم منگنی پر بہت خوش ہیں اورساتھ ہی ہماری بلیاں بھی مسرور ہیں‘‘۔

ایڈورڈ کرسٹوفرشیران کے متعلق عالمی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ برطانوی گلوکار کا اس سے قبل اسکاٹش گلوکارہ نینا نیسبٹ سے 2012 اوراینتھینا اینڈرولز سے 2015 میں بریک اپ ہوچکا ہے۔

28 سالہ شیران نے 2004 میں اپنا پہلا البم اسپیننگ مین ریلیز کرکے میوزک کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک ان کے 45 ملین سے زائد البم فروخت ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں اب تک جو میوزیکل البم سب سے زیادہ فروخت ہوئے ہیں ان میں شیران کے بھی دو البم شامل ہیں۔

دنیائے موسیقی میں تہلکہ مچا نے اوراپنی علیحدہ شناخت رکھنے والے برطانوی گلوکار نے صرف سر اور سنگیت پہ ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ دنیائے فلم کی اسکرین پر بھی جلوہ گر ہونے کا جب فیصلہ کیا تو انہیں ’یسٹر ڈے‘ نامی فلم کے پروڈیوسر نے کام دیا۔

ایڈورڈ کرسٹوفرشیران  نے جس ’یسڑڈے‘ نامی فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں وہ نمائش کے لیے سال رواں میں ریلیز کی جائے گی البتہ ان کی گلوکاری کے مداح کیا ان کی اداکاری سے بھی متاثر ہوتے ہیں؟ جیسے سوال کا جواب آنے والا وقت دے گا۔

برطانوی گلوکار کو فوربیس نے جون 2015 میں سب سے زیادہ کمانے والی شخصیات کی فہرست میں 27 واں نمبر دیا تھا۔ جولائی 2018 میں انہیں سب سے زیادہ پیسے لینے والی نویں پرسنلٹی قرار دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں