قربانی کے جانوروں کا سجاوٹی سامان بھی مہنگا



لاہور: عید قربان قریب آتے ہی مویشی منڈیوں کی رونق بڑھ گئی ہے اور ایک سے ایک بڑھ کر ایک خوبصورت، درازقد اوراعلیٰ نسل کے جانور فروخت کیلئے پیش ہیں۔

قربانی کے جانوروں کو خوبصورت بنانے کیلئے سجاوٹی سامان کے اسٹالز بھی مویشی منڈیوں میں لگنا شروع ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ بکروں، بیلوں اوراونٹوں کےآرائشی سامان کی دکانیں بھی سج گئی ہیں۔  منچلے نوجوان اپنے پسندیدہ جانور کے  لیے خوبصورت مہرے، گلے کے ہار، رنگین دوپٹے، تاج اور پائل خریدرہے ہیں تاکہ قربانی کے جانور مزید خوبصورت نظر آئیں۔

ہم نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے خریداروں کا کہنا ہے کہ جانور لیا ہے تو اس کی خوبصورتی بھی ضروری ہے۔ اس لیے یہ سب خرید کر انھیں سجانے اور سنوارنے کا بندوبست کر رہے ہیں۔

آرائشی سامان میں سب سے زیادہ پائل فروخت ہوتی ہے جس کی مخصوص آواز سے جانور کے آنے کا پتہ چلتا ہے۔ جانوروں کی سجاوٹ میں مختلف شوخ رنگوں کے مہروں کا استعمال بھی  بڑھ  گیا ہے جن کی قیمت پانچ  سو سے آٹھ  سو روپے ہے۔

علاوہ ازیں بکراگانی، بیل گانی، گائے گانی، مختلف اسٹائلز کی جھانجھریں، مورک، مورک بکرا، تلکہ، تکبارہ اور قلعے ہر دکان پر دستیاب ہوتے ہیں جن کی قیمیتیں انکی ورائٹی اور کوالٹی دیکھ کر لگائی جاتی ہے۔

ایک دکاندار نے ہم نیوز کے نمائندہ عمیررانا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لوگ زیبائش کا سامان اس لیے خریدتے ہیں کہ قربانی کا جانور مزید خوبصورت لگے۔ دکانداروں کے مطابق آرائشی سامان سے سجے ہوئے جانوروں کی قیمت عام جانوروں سے زیادہ ہوجاتی ہے۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کاروباری حضرات کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے سبب ہر سال سجاوٹی سامان کی قیمت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔

قربانی کے جانوروں کو منفرد بنانے کے لئے ان پر مہندی لگانے کا بھی رجحان بڑھ رہا ہے، خصوصاً دنبے، بھیڑ اور بکروں پر منچلوں نوجوانوں کی جانب سے انہیں مہندی لگا کر خوبصورت بنایا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں